بارہ نکاتی دستاویز

10 باقی دن

سرور کے اخراجات کے لیے فنڈ ریزنگ 2026

ہمارے سرورز چلانے پر سالانہ 20,000 ڈالر لاگت آتی ہے، اور انہیں ادا کرنے کے لیے ہمیں آپ کی مدد درکار ہے!

$10897 / $20000
Joshua J. Mark
بذریعہ ، ترجمہ بذریعہ Samuel Inayat
پر شائع ہوا
Translations
چھاپیں PDF
The Twelve Articles (by Unknown Author, Public Domain)
بارہ نُکاتی دستاویز Unknown Author (Public Domain)

بارہ نکاتی دستاویز (1525) 27 فروری اور یکم مارچ 1525 کے درمیان ِلِکھی گئی جِومشرقِ وسطی اور شمالی یورپ سے تعلق رکھنے والی مُقدس رُومی سلطنت (Holy Roman Empire نظریاتی طور پر چرچ کے تحت چلنے والی) کے کاشتکاروں کے اپنے مالکان یعنی لارڈز کے خلاف شکایات دُور کرنے کے بارے میں ہے۔ اِس دستاویزکے لِکھنے کا مقصد جرمنی کے کاشتکاروں کیخلاف کی گئی جنگ (1524-1525) کا جواز پیش کرنا تھا، تا ہم اشرافیہ کی جانب سے اِس جواز کو بُری طرح مُسترد کر دیا گیا۔

بارہ نکاتی {(مُکمل عُنوان بارہ نُکات: انگریزی میں The Just and Fundamental Articles of All the Peasantry and Tenants of Spiritual and Temporal Powers by Whom They Think Themselves Oppressed )}، دستاویز کو ایک فرئیر یعنی کپڑے یا کپڑے کی مرمت کا کاروبار یا جانوروں کی کھال کا کاروبار کرنے والے شخص (Sebastian Lotzer l .تقریباؐ 1490 تا 1525) نے جو بُغاوتی گروہوں میں سے ایک گروہ کا اعلیٰ عہدہ دار، اور ایک اصلاحی ماہرِ الہیات (l. 1472-1551 Christoph Schappeler) نے مِلکر لِکھا، اگرچہ یہ بھی سمجھا جاتا ہے کہ Wendel Hipler d. 1526 اشرافیہ سے ذرہ کم درجہ رکھنے والے (باغی لیڈروں میں سے ایک) اور ایک اور باغی لیڈر ماهر الہیات Thomas Müntzer l. c. 1489-1525 نے بھی اِس میں کُچھ کردار ادا کیا۔ اگر Müntzer نے براہِ راست حصہ نہیں ڈالا، اس کے مذہبی عقائد — Schappeler کی طرح — یقیناً اس تحریر کی بنیاد ہیں۔

جرمنی کے کاشتکاروں کی جنگ اور بارہ نکاتی دستاویز اُس ظُلم کے جواب میں تھی جو اشرافیہ اور کیتھولک چرچ نے نِچلے طبقے پر اضافی ٹیکسوں اور اِختیارات سے محرومی کی شکل میں ڈھائے۔ جب یہ دستاویز اربابِ اِختیار کے سامنے مارچ 1525 میں پیش کی گئی تو اِسے رد کر دیا گیا لیکن اِسی دستاویز کو یورپ کے دورِ جدید کے اوائل سے اِنسانی حقوق سے مُتعلق پہلی دستاویز سمجھا جاتا ہے۔ علماء اِس دستاویز کو آنے والے وقتوں کی اِنقلابی تحریروں کا پیش خیمہ سمجھتے ہیں جیسا کہ امریکہ کی 1776 کی آزادیِ اعلانِ جنگِ۔

پس منظر

مُقدس رُومی سلطنت کے دور کی سماجی درجہ بندی کا جو نمونہ سولویں صدی میں تھا وہ عہدِ وسطیٰ (Middle ages) تک جاری رہا جِسکے مُطابق اشرافیہ کا درجہ پہلا تھا اور چھوٹا اشرافیہ وہ لوگ تھے جِن کے پاس تھٰوڑی زمین تھی اور اُن کے پاس سیاسی اِختیارات بھی کم تھے۔ البتہ چرچ (Clergy) یعنی پادریوں کے طبقہ کے پاس اِن سے اور تاجر اور کاشتکار برادری سے زیادہ اِختیارات تھے۔ چاروں اُوپر کے طبقات آمدنی کیلئے نِچلےطبقات پر اِنحصار کرتے تھے اور زیادہ سے زیادہ ٹیکس عائد کرتے، وقفہ وقفہ سے ٹیکس سے مُتعلق قانون بناتے اور اُنہیں اُنکی غلطیوں اور کوہتاہیوں کی شدید سزا دیتے تھے۔

اشرافیہ کی طرف سے عائد کردہ ٹیکسوں کے علاوہ، چرچ کو بھی 10 فیصد 'دہ یکی' (tithe) ادا کرنی پڑتی تھی، جس نے کاشتکاری طبقے کی غربت میں مزید اضافہ کیا۔

کاشتکاروں کو اُنکی زمینوں پر مچھلی گیری یا شکار کی اِجازت نہیں تھی کیونکہ قانونی طور پر زمین کی ملکیت مالکان یعنی لارڈز کی ہوتی تھی، کاشتکاروں کی نہیں جو اپنے چُولھے کیلئے اِرد گِرد کے جنگلوں سے لکڑی بھی نہیں لے سکتے تھے اور وراثتی ٹیکس کی وجہ سے وہ اپنے اوزار یا دیگر سامان اپنے بچوں کو نہیں دے سکتے تھے کیونکہ لارڈ (Lords) اُن سے چھین سکتے تھے۔ کاشتکاروں پر شادی کے موقع پر ٹیکس لگایا جاتا تھا اور جب بھی اعلیٰ طبقے کے لوگ ایسا کرتے، تو ان پر مزید ٹیکس عائد کر دیے جاتے تھے۔ اِس کے علاوہ چرچ کی طرف سے دہ یکی بھی واجب تھی اور یہ دُوسرے ٹیکسوں کے علاوہ تھی۔ محنت کش جو پہلے ہی غُربت کا شکار تھے یہ نظام اُنکی مزید پسپائی کا سبب بنا۔

1524 کے موسمِ گرما / خزاں کے اواخر میں، جنوبی جرمنی کے کاشتکاروں نے اس وقت بغاوت کر دی جب ایک کاؤنٹیس (حکمران خاتون) نے انہیں حکم دیا کہ وہ دھاگے کے سپول (چرخیاں) بنانے کے لیے جو اُسے درکار تھے گھونگھوں (snail shells) کے خول اکٹھے کرنے کی خاطر اپنی فصل کی کٹائی کو نظر انداز کر دیں۔ بُغاوت سے دُوسروں کی بھی حوصلہ افزائی ہُوئی اور خِطے کا ایک بہت بڑا حصہ بُغاوت میں شامل ہو گیا۔ سوابین لیگ {Swabian League (1488-1534)} ایک مِلٹری اور سیاسی اشرافیہ کا اِتحاد تھا۔ اِتحادی لیگ کی افواج اُس وقت بیرونی جنگوں میں مصروف تھیں اِس لئے بُغاوت نے مضبُوطی پکڑ لی کیونکہ مزاحمت کرنے والاِ کوئی نہیں تھا۔ ِاِسکی وجہ سے کاشتکار اپنے مقصد میں پیش قدمی کر گئے۔

یہی سمجھا جاتا ہے کہ بارہ نکاتی دستاویز کا پہلا ڈرافٹ Lotzer اور Schappeler Hipler نے تقریباؐ فروری کے آخر تا یکم مارچ 1525 کے دوران تیار کیا۔ نظر ثانی کاشتکاروں کی اسمبلی میں 6 مارچ 1525 کو ہُوئی تا کہ اِسکے بعد اِسے سوابین لیگ کے نمائدوں کے سامنے رکھا جائے۔ بارہ نکات کے مُختصر اصول مندرجہ ذیل ہیں۔

  1. ہر طبقے کو یہ حق حاصِل ہے کہ وہ اپنا پادری خُود چُنے، بجائے اِسکے کہ پادری مُقرر کیا جائے اور نمائندہ پادری بائبل سے تبلیغ کرے نہ کہ چرچ (Church) کی۔
  2. پادری کی تنخواہ جمع شُدہ دہ یکی میں سے دی جائے اور اضافی رقم اور کِسی مقصد کی بجائے اُسی کلیسیا کے غریبوں کیلئے اِستعمال ہو۔
  3. ہر کاشتکار کو خُدا کی نظر میں با اِختیار سمجھا جائے ایسا کہ وہ لارڈ (Lord) کے برابر ہے۔
  4. کاشتکاروں کو یہ اِختیار ہو گا کہ وہ اپنی کاشتکاری والی زمین میں شکار کر سکیں، مچھلی پکڑ سکیں اور اپنی مرضی سے اِستعمال کر سکیں۔
  5. کاشتکاروں کو یہ اِختیار ہو گا کہ اُنکی جنگلات تک رسائی ہو تا کہ وہ اپنے چُولھے، تجارت اور دیگر مقاصد کیلئے لکڑی اِستعمال کر سکیں ۔
  6. کاشتکاروں کی روزانہ کی اُجرت پہلے سے طے شُدہ طریقہ کے مُطابق ہو اور یہ اُس وقت تک جاری رہے جب تک نیا قانون رائج نہیں ہو جاتا۔
  7. جبری محنت مسیحی اصولوں کے منافی ہونے کی وجہ سے ختم کی جائے کیونکہ کاشتکار پہلے ہی جبری اُجرت کیلئے رضامند نہیں تھے۔
  8. اضافی لگان (Rent) ختم کر دیا جائے کیونکہ پہلے ہی بہت سے کاشتکار لگان ادا کرنے کی خاطر کام چھوڑ دیتے ہیں۔
  9. قوانین مُنصفانہ بُنیادوں پر بنائے جائیں۔ ایک ہی جُرم کیلئے جو قانون ہو وہ نہ تو کِسی کے لئے سخت ہو اور نہ نرم بلکہ ہر ایک کیلئے یکساں ہو۔
  10. کھیت یا چراہگاہیں جو پہلے عوام کی تھیں اور لارڈز (Lords) نے لے لی تھیں، وہ سب واپس کی جائیں۔
  11. وراثتی ٹیکس (Heriot Inheritance) ختّم کر دیا جائے کیونکہ یہ بیوہ اور یتیموں کو مزید پست حالی کی طرف لے جاتا ہے۔
  12. اِس دستاویز کی کوئی بھی شِک اگر بائیل کے منافی پائی جائے تو باہمی وضاحت کے بعد اُسے ہٹا دیا جائے۔

کیونکہ دستاویز کے تمام نُکات اِشرافیہ کے نُقصان کی قیمت پر کاشتکاروں کے حق میں تھے سوابین لیگ کے نمائندوں نے اِسے مُسترد کر دیا۔ اِس دستاویز کے مُسترد کئے جانے کی مارٹن لُوتھر (Martin Luther (l. 1483-1546)) نے بھی حمایت کی جِسنے جرمنی کے کاشتکاروں کی جنگ (German Peasants' War) کی مذمت کی اور اشرافیہ کی طرفداری کی کیونکہ اُن میں سے بہتوں نے اُسکو تحفظ فراهم کیا جب مُقدس رُومی سلطنت کے شہنشاہ چارلس (1521) نے مارٹن لُوتھر کو پھانسی دینے کا فیصلہ سُنایا۔

German Peasant's War
جرمنی کے کاشتکاروں کی جنگ CrazyD (CC BY-SA)

Thomas Müntzer نے جو شروع کا مارٹن لُوتھر کا حمایتی تھا، اشرافیہ کی حمایت کرنے اور کاشتکاروں کی حمایت نہ کرنے کے بعد اِسے دھوکہ سمجھ کر اسکی مُخالفت کی۔ شہزادوں کی حمایت حاصل کرنے پر اور یہ کہ یہ اشرافیہ کے غیر مُنصفانہ قوانین کی وجہ سے کاشتکاروں کا استحصال تھا، Thomas Müntzer نے ایک کھُلا خط (Müntzer's Vindication and Refutation 1524) مارٹن لُو تھر اور مسیحی برادری کے نام لِکھا۔ ہو سکتا ہے کہ Thomas Müntzer نے بارہ نکاتی دستاویز میں کُچھ کردار ادا کیا ہو مگر ایسا کُچھ ہُوا بھی اگر ہو، یہ جُزوی طور پر اُنکی حوصلہ افزائی سے زیادہ نہیں تھا۔ تا ہم دستاویز کے کئی نُکات اُسکی سوچ کے ساتھ مُطابقت رکھتے تھے۔

متن کا کچھ حصہ

دستاویز کی لمبائی کی وجہ سے، بارہ نُکات کو ایک حِصے کے طور پر لِکھا گیا ہے جسکی نقل مندرجہ ذیل کِتاب سے لی گئی ہے۔ (A Reformation Reader: Primary Texts with Introductions edited b Denis R. Janz, pp. 168-170.)

متن کا آغاز اِس دُعا کے ساتھ کہ خُدا کا اِطمینان اور فضل مسیحی پڑھنے والے پر ہو۔ کاشتکاروں کے اِکٹھ میں بہت سے مُخالفِ مسیح ہیں جو انجیل پر کیچڑ اُچھالتے ہیں یہ کہتے ہُوئے، "کیا یہ نئی تعلیم کا ثمر ہے کہ کوئی بھی نہیں مانتا بلکہ سب ہر جگہ بُغاوت کیلئے اُٹھ کھڑے ہُوئے ہیں۔ وہ اِکٹھے ہُوئے ہیں کہ ِاصلاح کریں اور دُنیاوی اور رُوحانی حُکام کی تعلیم کو بےسُود کریں۔ "مندرجہ ذیل نُکات ان بے دین اور توہین آمیز غلطی کرنے والوں کا جواب دیں گے۔ وہ خدا کے کلام سے ملامت کو دور کریں گے اور دُوسرا یہ کہ تمام کاشتکاروں کی نافرمانی یا حتیٰ کہ بغاوت کا مسیحی عذر پیش کریں گے۔ لہذا، مسیحی قارئین، مندرجہ ذیل نُکات کو احتیاط سے پڑھیں، اور پھر فیصلہ کریں.

پہلا اصول: ہماری یہ درخواست ہے اور خواہش بھی کہ مُستقبل میں ہمیں اِختیار حاصل ہو کہ برادری اپنے پادری کا اِنتخاب خود کرے اور اگر وہ اپنے فرائض صحیح طور پر ادا نہ کرے تو اِس صُورت میں برادری اُسکو اُسکے عہدہ سے ہٹا بھی سکے۔ اِنتخاب شُدہ پادری سادہ انداز میں خالصاؐ انجیلی تعلیم دے نہ کہ اُسمیں اپنا ذاتی خیال یا نظریہ پیش کرے یا سیاسی رنگ دے۔ کیونکہ مسلسل تعلیم اور سچا ایمان ہمیں خُدا میں آگے بڑھنے میں مدد دے گا اور ہم ایمان میں پُختہ ہوں گے۔ کیونکہ اگر اُس کا فضل ہمارے اندر نہیں ہے تو ہم ہمیشہ جِسمانی خواہشات میں رہیں گے جِن سے ہمیں کُچھ فائدہ نہیں ہو گا۔ کلام پاک واضح طور پر سکھاتا ہے کہ صرف سچے ایمان کے ذریعے ہی ہم خدا کے پاس آ سکتے ہیں۔

دُوسرا اصول: چونکہ دہ یکی کا حُکم جو پُرانے عہد نامہ میں قائم ہُوا اور نئے عہد نامہ میں یہ پُورا ہوتا ہے، ہم اِنصاف سے اناج کی شکل میں دینے کیلئے تیار ہیں۔ بحر حال اِسے صحیح طور پر ہونا چاہیے۔ خُدا نے واضح طور پر حکم دیا ہے کہ اسے خُدا کی نذر کیا جائے اور اُسی کے لوگوں کو دیا جائے۔ اگر یہ پادری کو دیا جاتا ہے، تو اِس صُورت میں ہم اِسے اپنی کلیسیا کی جانب سے مُنتخب شُدہ چرچ ایلڈرز کے ذریعے اِکٹھا کریں گے۔ حالات کیمُطابق باقی حِصہ غریبوں میں تقسیم کر دیا جائے۔

تیسرا اصول: رواج کیمُطابق لارڈز ہمیں اپنی ملکیت سمجھتے ہیں، جو کہ قابلِ رحم ہے کیونکہ مسیح نے ہمیں بغیر کسی اِمتیاز ہر بڑے اور چھوٹے کو اپنے قیمتی خون سے مخلصی بخشی ہے۔ چُناچہ یہ کلامِ مُقدس کے عین مُطابق ہے کہ ہمیں آزاد ہونا چائیے اور ہم ہونا بھی چاہتے ہیں۔ ایسا نہیں کہ ہم بالکل آزاد اور کسی اختیار کے تحت نہیں رہنا چاہتے۔ خدا ہمیں یہ نہیں سکھاتا کہ ہمیں جسمانی خواہشات کے مطابق بے ترتیب زندگی گزارنی چاہئے، بلکہ یہ کہ ہمیں حکموں کے مطابق زندگی گزارنی چاہئے (یعنی) خداوند اپنے خدا اور اپنے پڑوسی سے اپنی ماند محبت کرنی چاہئے۔

چوتھا اصول: یہ رواج رہا ہے کہ کسی غریب کو ہرن کا گوشت یا جنگلی پرندہ یا بہتے ہوئے پانی میں مچھلی پکڑنے کی اجازت نہیں تھی، جو ہمارے نزدیک اِنتہائی ناگوار اور برادرانہ اصولوں کے خِلاف، خود غرض اور خدا کے کلام کے مطابق نہیں۔ یہ ہماری خواہش ہے کہ کوئی شخص بھی اگر قانونی طور پر پانیوں پر مالکانه حقوق رکھتا ہو تو وہ اِس بارے اپنی خرید کے (مُصدقہ) دستاویزات دِکھائے۔ ہم زبردستی اُس سے لینا نہیں چاہتے ۔ یہ بھی ضروری ہے کہ اُسکے حقوق کی پاسداری مسیحی اور بھائی چارہ کی بُنیاد پر ہو۔

پانچواں اصول: ہم لکڑی کاٹنے کے معاملے میں پریشان ہیں، کیونکہ ہمارے معزز لوگوں نے تمام جنگلات کو اپنے لیے مختص کر رکھا ہے۔ معاشرے کے ہر فرد کے لیے آزادی ہونا چاہیے کہ وہ اپنے گھر میں لکڑی کی ضرورت اپنی مدد آپ کے تحط پُورا کرے۔ اس کے علاوہ، اگر کسی آدمی کو بڑھئی کے کام کے لیے لکڑی کی ضرورت ہو تو اسے مفت ملنی چاہیے، لیکن برادری کے مقرر کردہ شخص کی منظوری سے۔

چھٹا اصول: شکایت یہ ہے کہ ہم سے اضافی خِدمات لی جا رہی ہیں جو روز بروز بڑھتی جارہی ہیں۔ ہم درخواست کرتے ہیں کہ اس معاملے کو اچھی طرح سے دیکھا جائے، تاکہ ہم اس طرح مظلوم نہ رہیں، اور یہ کہ ہم پر مہربانی کی جائے، کیونکہ ہمارے آباؤ اجداد نے صرف خدا کے کلام کے مطابق خدمت کی۔

ساتواں اصول: ہم اس کے بعد اپنے آپ کو لارڈز کے ہاتھوں مزید مظلوم نہیں ہونے دیں گے۔ جو کچھ لارڈز کے پاس ہے اُسکا حِساب مالک اور کاشتکار کے درمیان ہونے والے معاہدے کے مطابق ہونا چاہیے۔

آٹھواں اصول: زمین کی ہولڈ نگ (زیرِ کاشت رقبہ) کا طریقہ اُس لگان (Rent) سے مُطابقت نہیں رکھتا جو ہم سے وصول کیا جاتا ہے اور یہ ہم پر بہت بڑا بوجھ ہے۔ کاشتکار اس طرح نقصان اٹھاتے ہیں اور برباد ہو جاتے ہیں۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ لارڈز ان ہولڈنگز (Holdings) یعنی زیرِ کاشت زمینی ٹُکڑوں کا معائنہ کرنے کے لیے معزز افراد کو مقرر کریں اور انصاف کے مطابق کرایہ مقرر کریں، تاکہ کاشتکار کی محنت بیکار نہ ہو کیونکہ مزدور کو اُسکی مزدوری کا حق ملنا چاہیے۔

نواں اصول: ہم نئے قوانین کے مسلسل بننے کے بہت بڑے عذاب کا شکار ہیں۔ جُرم کے مُطابق ہمارا اِنصاف نہیں کیا جاتا۔ کبھی تو بوجہ بدنیتی، سختی نظر آتی ہے اور کبھی نرمی۔ ہم سمجھتے ہیں کہ ہمارا انصاف پہلے سے بنائے گئے قوانین کے مُطابق ہو تا کہ مُقدمات کا فیصلہ انصاف کے تقاضوں کے مُطابق یعنی میرٹ پر ہو۔ ہم پر احسان نہ کیا جائے۔

دسواں اصول: ہم اس بات سے پریشان ہیں کہ کُچھ حضرات نے اُن کھیتوں اور چراہگاہوں کو جو پہلے کمیونیٹی کیلئے مختص تھیں، اپنے مخصوص مقاصد کیلئے مُختص کر دیا ہے۔ہم اِنہیں واپس لیں گے جب تک نئے خریدار کے ہاتھوں خریدا نہ جائے۔

گیارواں اصول: ہم "ہیریٹ" (heriot) کہلانے والے رواج کو مکمل طور پر ختم کر دیں گے اور اسے مزید برداشت نہیں کریں گے، اور نہ ہی بیواؤں اور یتیموں کو اس طرح شرمناک طریقے سے خدا کی مرضی کے خلاف لوٹنے کی اجازت دیں گے۔

بارواں اصول: ہماری قرار داد ہے کہ اگر اِس دستاویز میں سے کوئی بھی نُکتہ یا اصول خدا کے کلام کے مُطابق نہ ہو، جس کے بارے میں ہم سوچ بھی نہیں سکتے، تو ہم اپنی مرضی سے ایسے نُکتہ سے کلام کی رُو سے وضاحت کے بعد پیچھے ہٹ جائیں گے۔ اس کے لیے ہم خُدا سے دعا کریں، کیونکہ وہ جو واحد ہے یہ سب کچھ دے سکتا ہے۔ مسیح یسوع کی سلامتی ہم سب کے ساتھ ہے۔

نتیجہ

بارہ نُکات اس وقت پیش کیے گئے جب 1525 کے اوائل میں سوابین لیگ (Swabian League) کی افواج کاشتکاروں کو اپنی مصروفیات کے باوجود شکست دے چکی تھیں تاکہ اُنکی کامیابی بعد میں لڑی جانے والی ہر جنگ کیلئے ایک نمونہ ہو۔ کاشتکاروں کے پاس کوئی مضبوط قیادت نہیں تھی، اتحاد کا فقدان تھا، اور وہ پیشہ ورانہ فوجوں اور ان کے اعلیٰ ہتھیاروں کا مقابلہ نہیں کرسکتے تھے۔ اپریل 1525 میں، Leipheim کی لڑائی میں 3,000 سے زیادہ کاشتکار اور 12 مئی کو Boblingen کی لڑائی میں 3,000 یا اس سے زیادہ کاشتکار مارے گئے۔ فیصلہ کن 15 مئی 1525 کو فرینکن ہاؤسن (Frankenhausen) کی لڑائی تھی جب کاشتکاروں کی فوج کی شکست کے بعد سامراجی فوجیوں کے ذریعہ فرینکن ہاؤسن کے پورے گاؤں کا قتل عام کیا گیا۔ منٹزر (Müntzer) جو (باغی) فوج کی قیادت کر رہا تھا، اُسے گرفتار کر لیا گیا، تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور پھانسی دے دی گئی۔

Episode from the German Peasants' War
جرمن کاشتکاروں کی جنگ کا واقعہ Belvedere, Wien (CC BY-SA)

جنگ جو 1525 کے پورے موسم گرما میں جاری رہی، ستمبر میں اشرافیہ کی مکمل فتح کے ساتھ ختم ہوئی، جس میں 100,000 سے زیادہ کاشتکار ہلاک اور ان کے بہت سے کھیت اور گاؤں تباہ ہو گئے۔ بارہ نُکاتی دستاویز کو کاشتکاروں کے وفد نے پھر کبھی نہیں اُٹھایا اور شاہد اشرافیہ بھی اِسکو بھول گئے اور اگر کِسی نے اِسکے بارے میں سوچا بھی تو اِسے کاشتکاروں کی ناکام بغاوت کا صرف ایک حِصہ سمجھا۔ مئی 1525 میں، مارٹن لوتھر نے اِس نام سے Against the Robbing and Murdering Hordes of Peasants ایک پرچہ شائع کیا، جِس میں اُس نے کاشتکاروں کی طرف سے کی گئی بُغاوت کی مُذمت کی، جو بارہ نکاتی دستاویز سے بھی زیادہ توجہ کا مرکز بنا۔ اِس نے باغیوں کو "پاگل کتے" اور "شیطان" سمجھتے ہُوئے تھوک کے طور پر ذبح کرنے کے برابر سمجھا اور اِسکی وکالت کی۔ کُچھ دیر کے بعد یہ دستاویز سب کی یاداشت سے اوجھل ہو گئی۔

بارہ نکات مکمل طور پر معقول تھے، کیونکہ کاشتکار صرف بنیادی انسانی حقوق اور ذاتی وقار کا مطالبہ کر رہے تھے۔ اگرچہ اس دستاویز کو اپنے وقت میں تو مُسترد کر دیا گیا لیکن مُسلسل اہمیت دینے سے یہ دستاویز اٹھارویں صدی میں مُساوات پسندانہ سوچ رکھنے والے لوگوں کی شخصی آزادی اور حقوق کی ترقی کیلئے ایک مضبوط حوالہ بن گئی جیسے برطانوی کالونیاں یعنی مُتحدہ امریکہ اور فرانس وجود میں آئے۔

اس دستاویز کا ذِکر پہلے تو ایک جرمن فلاسفر فریڈ رک اینگلز (Friedrich Engels) نے اپنی کِتاب جرمنی میں کاشتکاروں کی جنگ (The Peasant War in Germany 1850) اور بعد میں کارل مارکس نے کمونسٹ منشور میں اعلانِ کمونسٹ کے طور پر کیا۔ اس کے بعد سے بارہ نُکاتی دستاویز پروٹسٹنٹ فرقہ کے اِبتدائی اصلاحاتی دور میں اہم ترین دستاویز کے طور پر کاشتکاروں کی زندگی اور امید کی عکاسی کرنے والی دستاویز سمجھی گئی اور توجہ کا مرکز بھی بنی جو بعد ازاں بے سود ثابت ہوئی، کہ نئی مذہبی تعلیمات انہیں عہدِ وسطیٰ کی دنیاوی اور کلیسائی (مذہبی) غلامی اور جبر سے آزاد کرا دیں گی۔

مترجم کے بارے میں

مصنف کے بارے میں

اس کام کا حوالہ دیں

اے پی اے طرز

Mark, J. J. (2026, May 26). بارہ نکاتی دستاویز. (S. Inayat, مترجم). World History Encyclopedia. https://www.worldhistory.org/trans/ur/1-20526/

شکاگو طرز

Mark, Joshua J.. "بارہ نکاتی دستاویز." تَرجَمۂ کَرن وول Samuel Inayat. World History Encyclopedia, May 26, 2026. https://www.worldhistory.org/trans/ur/1-20526/.

ایم ایل اے اسٹائل

Mark, Joshua J.. "بارہ نکاتی دستاویز." تَرجَمۂ کَرن وول Samuel Inayat. World History Encyclopedia, 26 May 2026, https://www.worldhistory.org/trans/ur/1-20526/.

اشتہارات ہٹائیں